موہالی (اے پی پی) آسٹریلیا نے ٹیم کے احکامات کو نظر انداز کرنے پر شین واٹسن، جیمز پیٹنسن، مچل جونسن اور عثمان خواجہ کو بھارت کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت کے ہاتھوں حیدر آباد ٹیسٹ میں اننگز اور 135 رنز کی ذلت آمیز شکست کے بعد آسٹریلیا کے کوچ مکی آرتھر نے ٹیم کے ہر رکن کو کہا کے وہ انفرادی اور ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے تین، تین تجاویز پیش کریں۔ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ نائب کپتان شین واٹسن، جیمز پیٹنسن، مچل جونسن اور عثمان خواجہ کے علاوہ تمام کھلاڑیوں نے مختلف ذرائع سے اپنی تجاویز پیش کر دیں مگر مذکورہ کھلاڑیوں نے ہدایات پر عمل نہیں کیا جس کے بعد کپتان مائیکل کلارک کی مشاورت کے بعد ان کھلاڑیوں کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کےلئے دسیتاب کھلاڑیوں میں مائیکل کلارک (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، ایڈ کاﺅن، فلپ ہیوز، موسس ہینریکس، گلین میکسویل، سٹیون سمتھ، پیٹر سڈل، مچل سٹارک، زیویر دوہرٹی، نیتھن لائن اور بریڈ ہیڈن شامل ہیں، یاد رہے کہ ٹیم کے مستقل وکٹ کیپر میتھیو ویڈ فٹنس مسائل کا شکار ہیں۔ ان کی جگہ آسٹریلیا نے بریڈ ہیڈن کو طلب کیا ہے۔
شین واٹسن، پیٹنسن، مچل جونسن اور عثمان خواجہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سے آﺅٹ
Mar 12, 2013