لاہور( سپورٹس رپورٹر) 22 ویں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اپنا تیسرا میچ آج منگل کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق تین بجکر پانچ منٹ پر شروع ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اذلان شاہ کپ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری ہے اور آج منگل کو مزید تین میچوں کا فیصلہ ہوگا۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ اور کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا، دوسرے میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے جبکہ تیسرا میچ آسٹریلیا اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز اذلان شاہ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 4-3 سے زیر کیا تھا تاہم دوسرے میچ میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 6-0 سے شکست ہوئی۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ 14 مارچ کو میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلی گی ۔ 16مارچ کو پاکستان ٹیم پانچواں میچ کوریا کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ میں پہلی، دوسری، تیسری، چوتھی، پانچویں اور چھٹی پوزیشنز کے لئے میچز 17مارچ کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم کی قیادت محمد عمران کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں گول کیپر عمران بٹ، عمران شاہ، فل بیک محمد عرفان سینئر، محمد عتیق ہاف بیک رضوان جونیئر، فرید احمد، عامر شہزاد، محمد توثیق، تصور عباس، شفقت رسول، محمد عمران جونیئر، کاشف علی اور عرفام جونیئرشامل ہیں۔