لاہور (نیوز رپورٹر) قائداعظم محمد علی جناح کے پرائیوٹ سیکرٹری اورحکومت آزاد کشمیر کے سابق صدر خورشید ملت کے ایچ خورشید کی 25ویں برسی کشمیر سنٹر لاہور میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر کشمیر سنٹر لاہور نے پاک کشمیر ویلفیئرکونسل کے تعاون سے سیمینار کا اہتمام کیا جس میں لاہور کی سیاسی و سماجی جماعتوں کے رہنماﺅں نے شرکت کی۔ سیمینار کی صدارت وزیراعظم آزاد کشمیر کے مشیر غلام محی الدین دیوان نے کی جبکہ پاک کشمیر ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر فاروق آزاد‘ کے ایچ خورشید مرحوم کے بھائی ڈاکٹر شاہد حسن‘ ڈاکٹر سکندر شاہد‘ کشمیر سنٹر لاہور کے ڈائریکٹرسردار ساجد محمود‘ پیپلز پارٹی آزادکشمیر پنجاب کے صدر ڈاکٹر احسن‘ جماعت اسلامی آزاد کشمیر لاہور سرکل کے امیر اعجاز احمد کیانی‘ مسلم کانفرنس کے مرکزی نائب صدر مرزا محمد صادق جرال‘ اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مفتی محمد شفیع جوش و دیگر نے سیمینار سے خطاب کیا۔ سیمینار میں مقررین نے کے ایچ خورشید کی حیات و خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ کے ایچ خورشید جیسا مخلص‘ دیانتدار اور محب وطن لیڈر صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خورشید نے اپنا جینا مرنا کشمیریوں کے ساتھ طے کر رکھا تھا۔ ان کی سیاست ذاتی مفاد اور خودغرضی سے پاک تھی۔ ڈاکٹر شاہد حسن نے کہا کہ کے ایچ خورشید خودمختار کشمیر کے حامی نہیں تھے بلکہ وہ صرف ایسی خودمختار نمائندہ حکومت چاہتے تھے جو مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کر سکے۔