لاہور (خصوصی رپورٹر+ وقائع نگار خصوصی+خصوصی نامہ نگار) تحریک انصاف کے رہنما خورشید قصوری، سینیٹر کامران مائیکل، جماعت اسلامی کے رہنماﺅں نے جوزف کالونی کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی اور کہا کہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے۔ ذمہ داروں کو کڑی سزا دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اسرارالحق میاں نے کہا ہے کہ بادامی باغ واقعہ نہایت افسوسناک، غیر اخلاقی، غیر آئینی ہے جس طرح مسلمانوں کو حقوق حاصل ہیں اسی طرح اقلیتوں کو بھی یکساں حقوق حاصل ہیں حکومت چاہتی تو ایسے واقعات کو روک سکتی تھی۔ جاوید اقبال راجہ نے کہا کہ ایسے معاملات کے حل کے لئے صوبائی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جانی چاہئے تاکہ آپس میں ہم آہنگی پیدا ہو سکے۔اقلیتی املاک کی صوبائی تحفظ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ حکومت نے تمام متاثرین بادامی باغ کو 5 لاکھ روپے فی کس ادائیگی کر دی ہے اور ان کے گھروں کی تعمیر ایک ہفتے میں مکمل کر لی جائے گی۔گزشتہ روز چیک دینے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ بادامی باغ واقعہ پر اپوزیشن کو سیاست چمکانا زیب نہیں دیتا۔ میاں خورشید محمود قصوری نے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متاثرہ افراد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنی چاہئے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے نذیر احمد جنجوعہ، چوہدری محمد شوکت اور محمد فاروق چوہان کے ہمراہ بادامی باغ جوزف کالونی میں متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مسیحی برادری اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہاکہ جماعت اسلامی مسیحی برادری کے جذبات کا احترام کرتی ہے۔
کامران مائیکل، خورشید قصوری، کئی رہنماﺅں کا جوزف کالونی کا دورہ، متاثرین سے ملاقات
Mar 12, 2013