اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور بمباری ‘4 فلسطینی شہید: غزہ میں صہیونی ڈرون تباہ

نابلوس،یروشلم(آن لائن +نوائے وقت رپورٹ)اسرائیلی فوج  کی جارحانہ کارروائیوں کے دوران  فائرنگ اور فضائی حملے میں 4فلسطینی شہید ہو گئے ۔تلکرم کے قریب اسرائیلی فوج کی کار پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی  جاں بحق  ہوگیا،ذرائع نے کہا کہ اس کی کار پھر الٹ گئی اور یہ واضح نہیں آیا فائرنگ سے کار الٹ گئی یا تصادم کے نتیجے میں وہ دم توڑ گیا۔ادھر  جنوبی غزہ پٹی میں منگل کے روز اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں مزید  تین افراد  مارے  گئے ۔ یہ بات علاقے کی حماس کے زیر انتظام وزارت صحت نے کہی۔دوسری جانب  سرائیل کا بغیر پائلٹ  طیارہ جو نگرانی اور میزائل حملوں کیلئے استعمال کیا جاتا تھا منگل کو علی الصبح غزہ کے جنوبی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا،یہ بات دونوں اطراف کے ذرائع نے بتائی۔اسرائیلی فوج کی ایک خاتون ترجمان نے فرانسیسی خبررساںادارے  کو بتایا کہ آسمان پر پرواز کرنے والا ڈرون فنی خرابی کے باعث جنوبی غزہ کی پٹی میں گر کر تباہ ہوا،جس کی تحقیقات جاری ہیں۔علاقے میں اسلام پسند حکمران حماس کے زیر انتظام چلنے والی خبررساں ایجنسی الرائے نے کہا کہ ڈرون مصر کے ساتھ غزہ کے سرحدی شہر رفاہ کی مشرق میں گرا۔ایک عینی شاہد نے خبررساںادارے  کو بتایا کہ فلسطینی عسکریت پسندوں کو طیارے کا ملبہ مل گیا۔

ای پیپر دی نیشن