کیف (اے این این) کریمیا کی پارلیمنٹ نے منگل کو ایک خصوصی اجلاس میں ریاست کی آزادی کے حق قرارداد منظور کی۔ 100 ارکان میں سے 78 افراد نے یوکرائن سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا۔ واضح رہے کہ کریمیا کی پارلیمان میں گزشتہ جمعرات ہونیوالے اجلاس میں روس سے الحاق کیلئے عوامی ریفرنڈم کی منظوری دی گئی تھی لیکن اس سے قبل ہی پارلیمنٹ نے آزادی کا اعلان کر دیا ہے۔ منظور کی گئی قرارداد کے مطابق اس فیصلے کا نفاذ16 مارچ کو ہونیوالے ریفرنڈم کے بعد ہو جائیگا۔ اعلامیہ کے مطابق کسی ریاست کے خودمختاری کے اعلان سے کسی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اگر 16 مارچ کو ہونیوالے ریفرنڈم کا نتیجہ روس کے حق میں نکلتا ہے تو اس کا اطلاق اس بات پر بھی ہوگا کہ روسی فیڈریشن اسے ضم کرلے۔ ادھر امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری نے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے امریکی تجاویز پر عملدرآمد تک ملنے سے انکار کردیا ہے۔ دوسری جانب یوکرائن نے اس پیشرفت کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔