ملتان(آن لائن) ملتان شہر میں مشکوک موٹرسائیکل پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ملتان پولیس کی دوڑیں لگ گئیں تاہم ملتان پولیس کے اعلی افسران جن میں سی پی او ملتان سلطان گجر اور دیگر افسران شامل ہیں‘ اپنے دفاتر میں براجمان رہے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے ملتان پولیس کو بدھ کی صبح مطلع کیا گیا تھا کہ ملتان شہر میں موٹرسائیکل پر نامعلوم دہشت گردوں یا مشکوک افراد کو دیکھا گیا ہے جس پر ملتان پولیس کے حکام کی جانب سے پہلے تھانہ نیو ملتان کے پولیس اہلکاروں کو دی گئی کہ ان کے علاقہ حسن آباد گیٹ نمبر2 کے اندر ایک مشکوک ہنڈا موٹرسائیکل 125 پر نامعلوم مشکوک افراد کو دیکھا گیا ہے جس کی اطلاع وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے موصول ہوئی ہے لہٰذا پولیس تھانہ نیو ملتان کے اہلکار اور پولیس موبائل علاقہ حسن آباد گیٹ نمبر 2 پر پہنچ کر ایک مشکوک موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح مشکوک افراد جن کے دہشت گرد ہونے کا بھی امکان ہوسکتا ہے‘ کو تلاش کیا جائے۔