اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت نیوز) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز سے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جبکہ نیب کو اصل ریکارڈ پیش کرنے کیلئے 17 مارچ تک کی مہلت بھی دیدی ہے ۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ایس جی ایس اور کوٹیکنا ریفرنسز میں ملزم کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ نیب 17 سال میں مقدمے کا اصل ریکارڈ پیش نہیں کر سکا، تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ اس نے بھی ریفرنسز کا اصل ریکارڈ نہیں دیکھا، کسی گواہ نے بھی آصف زرداری کیخلاف بیان نہیں دیا لہٰذا ریفرنسز سے بری کرنے کا حکم دیا جائے، نیب پراسیکیوٹر چودھری ریاض نے بتایا کہ ایک گواہ حسن وسیم افضل کے مطابق انہوں نے اصل ریکارڈ احتساب بنچ کے سامنے پیش کر دیا تھا، تاہم عدالت کا حکم ہوا تواصل دستاویزات کیلئے ایک بار پھر ریکارڈ روم کا جائزہ لیا جائیگا، عدالت نے نیب کو اصل ریکارڈ تلاش کرنے کیلئے 17 مارچ تک آخری مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت پر بریت کی درخواستوں پر فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے ۔
زرداری کی بریت کیلئے درخواستوں پر فیصلہ محفوظ
Mar 12, 2015