لاہور (خبرنگار) الیکشن کمشن نے پنجاب میں 16 مارچ سے حلقہ بندی کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ڈسٹرکٹ الیکشن افسر لاہور شبر رضا نے ماتحت عملے کو ذمہ داریاں سونپنا شروع کردی ہیں۔ لاہور کو الیکشن کمشن کا عملہ 150 یونین کونسلوں سے بڑھا کر 274 یونین کونسلوں میں تقسیم کرے گا۔ حلقہ بندیوں کے اس عمل کیلئے ضلعی انتظامیہ لاہور نے الیکشن کمشن لاہور کو نقشے، آبادی کی تفصیل، پرانی حلقہ بندیاں اور دیگر تفصیلات فراہم کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمشن کا عملہ خود حلقہ بندیوں کا کام کرے گا۔ الیکشن کمشن نے معاونت کیلئے جن اسسٹنٹ کمشنروں اور دیگر عملے کی ڈیوٹیاں لگائی ہیں انہیں معاونت کیلئے ضرور بلایا جائے گا مگر حلقہ بندیاں الیکشن کمشن کا عملہ خود کرے گا۔ لاہور میں ایک ہی میٹروپولیٹن کارپوریشن ہوگی۔ ایک لارڈ میئر اور 9 ڈپٹی میئر ہوں گے مگر ان ڈپٹی میئروں کیلئے ٹائونز یا زونز میں تقسیم کی ابھی تک کوئی اطلاع الیکشن کمشن کو نہیں دی گئی ہے۔