لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی عدالتوں کے ملازمین کو جوڈیشل الائونس دینے کے فیصلے پر 10 روز میں عمل درآمد کا حکم دیدیا۔ فاضل عدالت کے روبرو وفاقی عدالتوں کے ملازمین کو جوڈیشل الائونس نہ دینے کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ آفتاب باجوہ نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے حکومت کی درخواست پر حکم امتناعی جاری نہیں کیا، صرف نوٹس جاری کیا تھا جس پر جسٹس خالد محمود خاں نے کہا کہ حکومت نے عدالت سے غلط بیانی کی ہے۔ ارکان اسمبلی کے بچوں پر ہزاروں ڈالر خرچ ہو سکتے ہیں تو عدلیہ ملازمین پر کیوں نہیں۔ فاضل عدالت نے وفا قی عدالتوں کے ملازمین کو جوڈیشل الائونس دینے کے فیصلے پر 10 روز میں عملدرآمد کروانے اور عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔