سپریم کورٹ: راحیلہ مگسی کو چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں ووٹ دینے کی مشروط اجازت

Mar 12, 2015

اسلام آباد (آن لائن) سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کی نومنتخب سنیٹر راحیلہ مگسی کو چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں مشروط طور پر ووٹ دینے کی اجازت دے دی جبکہ معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو بجھواتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دو ہفتوں میں اس کا فیصلہ کیا جائے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی الیکشن کمشن اور پی پی کی امیدوار نرگس فیض کے وکیل اعتزاز احسن پیش ہوئے ۔ عدالت نے الیکشن کمشن کے وکیل کو بات نہیں کرنے دی جبکہ اعتزاز احسن نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کی رضامندی سے حکم جاری کیا تھا کہ الیکشن کمشن راحیلہ مگسی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کرے گا اس پر مگسی کے وکیل نے کہا کہ ایسی کوئی بات طے نہیں ہوئی تھی۔ عدالت نے راحیلہ مگسی سے کہا کہ اگر دو ہفتوں میں فیصلہ نہیں آتا اور چیئرمین سینٹ یا ڈپٹی چیئرمین سینٹ کاانتخاب ہو تو وہ بطور رکن سینٹ اپنی ووٹ کاسٹ کر سکتی ہیں ۔ بعدازاں عدالت نے نوٹیفیکیشن جاری نہ کرنے کے فیصلے کے حوالے سے دائر درخواست نمٹا دی۔

مزیدخبریں