لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ ان کا دورہ بھارت کامیاب رہا ہے اور امید ہے کہ پاکستان بھارت سیریز کے انعقاد کے لئے بھارتی حکومت اور بی سی سی آئی سے جلد ہی گرین سگنل مل جائے گا ۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کے اراکین اور بی سی آئی کے عہدیداران سے ملاقات مثبت رہی ۔ بی سی سی آئی کے صدر ڈالمیا کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے ان سے فون پر ہی بات ہوسکی ۔ڈالمیا کی درخواست پر انہیں پاکستان بھارت سیریز کے ایم او یو کی کاپی بھجوادی ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ پاکستان بھارت سیریز پر جلد ہی پیش رفت ہوگی اور پہلی سیریز دسمبر میں یو اے ای میں ہوگی۔ بھارت کی ویمن اور دیگر جونیئر ٹیموں کو پاکستان کے دورہ پربھیجنے کا مثبت جواب ملا ۔ سیریز کے انعقاد کے لئے بی سی سی آئی نے لالی پاپ نہیں دیا بلکہ صاف بات کی ہے ۔ اسلام آباد جاکر حکومتی عہدیداران کو تفصیلات سے اگاہ کروں گا۔ افغانستان اور کینیا کی ٹیمیں پاکستان میں کھیل کر گئی ہیں اور رواں سال مذید ٹیمیں کھیلنے کے لئے آئیں گی ۔بنگلہ دیش کی ٹیم کے ساتھ سیریز کا دو تین دن تک فیصلہ ہوجائے گا ۔ اگر قومی ٹیم سائوتھ افریقہ کی ٹیم کو ہرا سکتی ہے تو دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانا مشکل نہیں ہے ۔ٹیم متحد ہے اور امید ہے کہ پاکستان کوارٹرز فائنل میں جگہ بنالے گا اور جب کوارٹر فائنل میں جگہ بن گئی تو 1992کے ورلڈ کپ کی تاریخ بھی دہرائی جاسکتی ہے ۔ ورلڈ کپ کے بعد نیدر لینڈ اور آئر لینڈ کی ٹیمیں کھیلنے کی خواہاں ہیں‘ پاکستان میں انٹرنیشنل میچز کو فروغ ملے گا۔
دسمبرمیں پاکستان بھارت سیریز کا گرین سگنل مل گیا ہے، شہر یار
Mar 12, 2015