ولنگٹن کے ویسٹ پیک سٹیڈیم میں کھیلنے جانے والے میچ کا ٹاس متحدہ عرب امارات نے جیتا، اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقا بیٹنگ کرنے میدان میں اتری تو صرف سترہ سکور پر ہاشم آملہ بارہ رنز پر آؤٹ ہو گئے،آؤٹ فارم بلے باز ڈی کوک بھی صرف چھبیس رنز ہی بنا سکے،چھیانوے کے مجموعی سکور پر روسو تنتالیس رنز پر محمد طارق کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، کپتان ڈی ویلئیرز نے ایک بار پھر اماراتی باؤلرز کے خلاف دھواں دار اننگز کھیلتے ہوئے بیاسی گیندوں پر ننانوے رنز بنائے جس میں چار چھکے اور چھ چوکے بھی شامل تھے،انہیں کامران شہزاد کی گیند پر اجمل جاوید نے کیچ آؤٹ کرایا۔۔۔ملر انچاس رنز پر محمد نوید کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، ڈومنی صرف تئیس رنز ہی بناسکے۔اس کے بعد فرحان بہردین نے اماراتی باؤلرز پر لاٹھی چارج کیا اور صرف اکتیس گیندوں پر چونسٹھ رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں تین چھکے اور پانچ چوکے بھی شامل تھے۔یوں جنوبی افریقا نے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو اکتالیس رنز بنائے۔ یو اے ای کی جانب سے محمد نوید نے تین، کامران شہزاد، امجد جاوید اور محمد طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں پروٹیز باؤلرز کے سامنے متحدہ عرب امارات کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پوری ٹیم سنتالیس اعشاریہ تین اوورز میں ایک سو پچانوے رنز پر ڈھیر ہو گئی،متحدہ عرب امارات کی جانب سے شائمن انور انتالیس رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ پٹیل ستاون رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر اور ناٹ آؤٹ رہے جنوبی افریقا کی جانب سے فلنڈر، مورکل اور ڈی ویلئیرز نے دو دو وکٹیں حاصل کیں