لاہور (خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں آج ہفتہ 12مارچ کو ساڑھے دس بجے صبح ایک خصوصی نشست بعنوان ’’قراردادِ مقاصد- اہمیت اور غرض وغایت‘‘ منعقد ہو رہی ہے۔ اس نشست کی صدارت تحریک پاکستان کے مخلص کارکن، سابق صدر پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ کریں گے جبکہ کلیدی خطاب سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت خلیل الرحمن خان کریں گے۔ نشست کا ا ہتما م تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جارہاہے۔ یاد رہے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی پیش کردہ قرارداد مقاصدکو دستور ساز اسمبلی نے 12 مارچ 1949ء کو منظور کیا تھا۔ اس تاریخی قرارداد کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ہر سال 12 مارچ کو یوم قرارداد مقاصد منایا جاتا ہے۔