کراچی (آئی این پی) کراچی کی عدالت نے فکس اٹ مہم کے عالمگیر اور سیف اللہ کے مقدمے کی سماعت 18 مارچ تک ملتوی کردی۔ پولیس نے ملزموں کے خلاف چالان عدالت میں پیش کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ سائوتھ کی عدالت میں فکس اٹ مہم کے عالمگیر اور سیف اللہ کے خلاف وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر کچرا پھینکنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے مقدمے کی نقول ملزموں کو فراہم کر دیں۔ پولیس نے فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر کے مقدمے کا چالان پیش کردیا۔ چالان میں کہا گیا ہے کہ ملزموں نے بغیرنمبر پلیٹ ٹریکٹر ٹرالی کچرے سے بھر کر وزیر اعلیٰ ہائوس کے باہر کچرا پھینکا۔ ملزموں نے پولیس اہلکاروں کو ڈرایا دھمکایا۔ چالان میں عالمگیر اور سیف اللہ کو ضمانت پر ظاہر کیا گیا ہے۔