سپریم کورٹ کےحکم پر غلام حیدر جمالی فارغ، اے ڈی خواجہ ا آئی جی سندھ تعینات، سابق آئی جی سمیت 3 پولیس افسروں کے بیرون ملک جانے پر پابندی

Mar 12, 2016 | 19:52

ویب ڈیسک

 وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے پولیس گروپ کے گریڈ21 کے افسر اللہ دینو خواجہ (اے ڈی خواجہ) کو نیا آئی جی سندھ مقرر کر دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اے ڈی خواجہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق  سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں غلام حیدر جمالی کو آئی جی سندھ کے عہدے سے ہٹادیا گیا۔ سپریم کورٹ نے ان کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان کے خلاف کرپشن کیس نیب کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی سندھ اللہ دینو خواجہ کو نیا آئی جی مقرر کرنے کی منظوری وزیراعظم نواز شریف نے دی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور غلام حیدر جمالی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو رپورٹ کرنے کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے آئی جی پولیس کے لئے وزیراعظم نواز شریف کو اے ڈی خواجہ، اور نثار مہر سمیت 3 نام ارسال کئے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد اللہ دینو خواجہ کو نیا آئی جی سندھ پولیس مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ اے ڈی خواجہ کا تعلق ٹنڈو محمد خان سے ہے اور وہ سندھ کے 6، 7 اضلاع میں ایس ایس پی بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں بہترین ریکارڈ اور تجربے کی بنیاد پر آئی جی سندھ پولیس تعینات کیا گیا۔ واضح رہے کہ غلام حیدر جمالی کے خلاف کرپشن، خلاف ضابطہ تقرریاں اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی سمیت متعدد مقدمات سندھ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہیں جس کی وجہ سے وہ صوبائی حکومت کےلئے بھی مشکلات کا باعث بن رہے تھے۔ دوسری جانب ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی ایڈیشنل آئی جی فدا حسین شاہ سمیت 3 پولیس افسروں کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر کے ائر پورٹس کو اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ تینوں پولیس افسران پر کرپشن کے الزامات ہیں۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے نئے آئی جی سندھ اللہ دینو خواجہ نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ اے ڈی خواجہ کو گائیڈ لائن دی۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی کو تھانہ کلچر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو بالخصوص کراچی میں امن و امان پر خصوصی توجہ دینے کا بھی کہا۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ اے ڈی خواجہ ڈسپلن اور اچھی شہرت رکھنے والے افسر ہیں-

مزیدخبریں