اسلام آباد (آئی اےن پی) چیئرمین تحریک انصاف سے خواتین کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی جانب سے خواتین کی توہین و تضحیک پر شدید برہمی کا اظہار کیا گیا، حکومتی رکن نے مراد سعید نہیں بلکہ قوم کی بہنوں اور بیٹیوں پر کیچڑ اچھالا، وزیراعظم اور نواز لیگ کی قیادت کی جانب سے معاملے پر مجرمانہ خاموشی شرمناک ہے۔ تحریک انصاف شعبہ خواتین اسلام آباد کی صدر فوزیہ ارشد، سیمی ایزدی اور دیگر خواتین نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی۔ ارکان وفد نے کہا قوم کی بہنوں بیٹیوں کی تذلیل پر خاموش رہ کر نواز شریف کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ ارکان وفد نے کہا قومی سیاست کو ناپاک اور مجرمانہ سوچ کے حامل عناصر سے پاک کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔ عمران خان اور حزب اختلاف پر بڑھ چڑھ کر تنقید کرنے والی خواتین وزیر اور حکومتی ارکان کی زبانیں کیوں گنگ ہیں۔ چیئرمین اجازت دیں، عفت مآب بہنوں بیٹیوں کے بارے میں گندی زبان استعمال کرنے والوں سے نمٹ لیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا پارلیمان کو جاوید لطیف جیسے ناپاک خیالات کے حامل شخص سے پاک کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔