اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے صدر مملکت کو ملک کی معاشی صورتحال کے بارے میں بتایا اور کہا کہ تمام معاشی اعشاریئے مثبت ہیں۔ حکومت اب ٹھوس معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ وفاقی وزیر نے صدر ممنون حسین کو فوجی عدالتوں کے قیام کیلئے قانون سازی اور اس سلسلے میں اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔ دریں اثناءوزیر خزانہ سے پاکستان سٹاک ایکس چینج کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سٹاک ایکسچینج کے چیئرمین منیر کمال نے کی۔ وفد نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 40 فیصد شیئر غیرملکی سرمایہ کار کی طرف سے خریداری کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور بورڈ میں شنگھائی اینڈ شین زین‘ پاک چائنا انویسٹ منٹ کمپنی کے ڈائریکٹرز کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ وفد نے کہا کہ اس سے سٹاک مارکیٹ کے مستقبل میں ترقی کے امکانات بہتر ہوئے ہیں۔ ملاقات میں سٹاک مارکیٹ میں ریگولیٹری فریم ورک کو مزید م¶ثر بنانے کیلئے تجاویز پر بات چیت کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ کی اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔