رانا ثنا، عابد شیر کو الٹا لٹکا کر کوڑے مارے جائیں، نعیم الحق : عمران مفت کی تنخواہ لے رہے ہیں، ریلوکٹوں کو بھگا بھگا کر ماریں گے: عابد شیر علی، طلال چودھری

فیصل آباد ، اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے عمران خان اسمبلی سے مفت کی تنخواہ لے رہے ہیں اور اپنے ارکان کی غلط تربیت کررہے ہیں، وہ خود گالی دیں تو ٹھیک، ہم بات کریں تو جمہوریت کے خلاف ہوجاتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی ریلوکٹوں سے ہضم نہیں ہورہی، عمران خان پانامہ پیپرز پر پریشرائز کرنا چاہتے ہیں ہم ریلوکٹوں کی طرح نہیں کہ فیصلہ آنے کے بعد روئیں۔ عدالتیں آئین اورقانون کے مطابق فیصلے کرتی ہیں اور ہمیں انصاف کی امید ہے۔ انہوں نے کہا جاوید لطیف نے جو کہا وہ غلط تھا لیکن جاوید لطیف پر پی ٹی آئی والوں نے دھاوا بولا اور اس کے بعد عمران خان نے کہا میں ہوتا تو اس سے زیادہ کرتا، اب کسی رکن پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تو عمران خان ذمہ دار ہوں گے، وہ خود اسمبلی آئیں پھر پتہ چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریلو کٹوں نے نہ سندھ میں اورنہ ہی خیبر پی کے میں کوئی ترقی کی، عمران خان کے ریلو کٹا وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو کھا گئے، پھٹیچر کپتان اور ریلو کٹا صوبائی حکومت ٹی 20 کے لئے تیار ہو جائیں، اس مرتبہ ریلو کٹو کو میدان میں بھگا بھگا کر ماریں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے حکمران سندھ کو لوٹ کر کھا گئے۔ 10 سال میں پیپلزپارٹی نے کوئی ہسپتال نہیں بنایا، کوئی سکول یا کالج بھی بنایا گیا ہو تو بتادیں، اب لٹیروں کا دور ختم ہونے جا رہا ہے، سندھ کے عوام اب نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ ان کہنا تھاکہ مولابخش چانڈیو کو وزیراعظم کے ٹھٹھہ جانے کی تکلیف ہے، ہم شیر کے انتخابی نشان کے ساتھ میدان میں جائیں گے، پی پی والے ایان علی کے ساتھ انتخابی میدان میں اتریں گے۔ فوجی عدالتوں پر کسی کو بھی تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔ دوسری طرف ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی کی بدزبانی سیاست میں گند پھیلا رہی ہے۔ ان کا علاج یہ ہے کہ انہیں الٹا لٹکا کر کوڑے مارے جائیں ورنہ یہ لوگ ملک کا بیڑہ غرق کر دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ تحریک انصاف والے ایسے کام نہ کریں کہ لوگ تھو تھو کریں۔ پی ٹی آئی والے غیر ضروری چیزوں میں وقت ضائع کرتے ہیں بولتے ہیں تو لوگ ملامت کرتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن