لاہور (سٹاف رپورٹر) آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن ،آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ز ایڈیٹرز کے سینئر عہدیداروں کا ایک مشترکہ اجلاس آواری ہوٹل میں ہوا جس میں اخبارات کی سرکولیشن ،اخباری صنعت کو درپیش مسائل پر گفتگو کی گئی اور ان کے حل کیلئے تمام عہدیداران جن میں مالکان اخبارات ایڈیٹرز اور اخبار فروش رہنمائوں نے تجاویز پیش کیں،ان تجاویز کی روشنی میں مسائل کے حل کیلئے متعدد فیصلے کئے گئے اور ان پر عمل درآمد کیلئے ایک سولہ رکنی کمیٹی قائم کی گئی جسمیں روزنامہ نوائے وقت سمیت دیگر اخبارات اور آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے پانچ عہدیداران بھی شامل ہیں کمیٹی میں اخباری صنعت کی تینوں بڑی تنظیموں کے صدر و جنرل سیکرٹری اور چیئرمین موجود ہونگے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کہا کہ الیکٹرانکس اور سوشل میڈیا کے دور میں جہاں اخبارات کی سرکولیشن میں کمی ہو ئی وہاں پر اخبار فروشوں کی مالی حالت بھی خراب ہوئی ہے جسکی وجہ سے اخبار فروش اس فیلڈ کو خیر آباد کہہ رہے ہیں اس کے علاوہ انہوں نے اے پی این ایس اور سی پی این ای سے کہا کہ وہ ہماری اس کوشش میں ہمارا ساتھ دیں کہ ملک بھر میں اخبار مارکیٹس کے قیام اخبار فروشوں کو ای او بی آئی کی ممبر شپ کے علاوہ سال میں قومی اخبارات ایک سپلیمنٹ کا اجراء کریں او راسکی آمدن اخبار فروشوں کے ویلفیئر فائونڈیشن میں دیںجس پر اے پی این ایس کے صدرسید سرمد علی ،جنرل سیکرٹر ی عمر شامی اور سی پی این ای کے صدر ضیاء شاہد اور جنرل سیکرٹری اعجاز الحق نے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور طے پایا کہ سال میں ایک مرتبہ مئی کے مہینے میں اخبار فروشوں کے لئے سپلیمنٹ کا اجراء کیا جائیگا اے پی این ایس کے صدر سید سرمد علی نے کہا کہ اخبارات کے ای پیپر کو صبح دس بجے سے پہلے نیٹ پر نہیں دینا چاہئے اس سے بھی سرکولیشن میں کمی ہورہی ہے اگر ایسا ہو جائے تو سرکولیشن میںاضافہ ہوسکتا ہے جس کو تمام اخباری مالکان نے تسلیم کر لیا اس موقع پر آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل نے یہ تجویز دی کہ اے پی این ایس خوبصورت سٹینڈز تیار کروا کے جن کو ملک بھرکے بڑے بڑے سٹورز، پٹرول پمپ،ہوٹلز اور میڈیکل سٹورز پر رکھا جائے مجیب ا لرحمن شامی نے کہا کہ اخبارات کی مارکیٹنگ کیلئے اخبار فروشوں کو پہلے سے زیادہ دل جمعی سے کام کرنا ہوگا وہ آرڈر پر اخبارات سیل کرنے کے بعد قارئین کرام سے رابطے میں رہیں اور انھیں اخبارات کی خریداری کیلئے قائل کریں انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت میں اخبارات کی قیمتیں کم ہیں اس پر بھی ہمیں غور کرنا چاہئے انہوںنے کہا کہ اخبارات میں اشتہارات زیادہ ہوتے ہیں اور آرٹیکل اور خبریں کم ہوتی ہیں صدر سی پی این ای ضیاء شاہد نے کہا کہ مجھے خوشی ہورہی ہے جو کام میں کرنا چاہتا تھا وہ ٹکا خان نے کردیا ۔ انہوں نے کہا اخبارات میں ایسا مواد چھاپہ جائے جو قاری کی دلچسپی کا باعث بنے ۔آج کوئی قاری اخبار کیوں پڑھے جو رات کو 12بجے کی خبریں دیکھ کر سوتاہے اسلئے اخبارات میں باسی خبروں کی بجائے تازہ خبریں چھاپی جائیں جب تک ہم اخبارات کو مؤثر نہیں بنائیں گے اس وقت تک مسائل رہیں گے اجلاس میں مہتاب خان، وقار الدین، رضو شیخ، اعجاز الحق، شاہ رخ خان، چیئرمین نذیر چودھری ، اشفاق احمد خان، آصف عفوان،سہیل مرزا، کاشف سید،وقار الدین ،رضوان اشرف ،عابد عبداللہ ،شفقت حسین ،میاں اکبر ، چوہدری نذیر ،رفیق مغل،محمد الیاس ،سید عامر افضال شاہ،شفیق احمد ستی ،اقبال نون،چوہدری محمد شریف ،عبدالستار،سید شبیر حسین گیلانی ،سلطان احمد تنولی ایوب مہر،عقیل احمد عباسی،منیر احمد ملہوترا،حافظ محمد صدیق ،چوہدری عاشق علی اور عبدالخالق نے شرکت کی ۔اجلاس کے آخر میں طے پایا کہ جو کمیٹی قائم کی گئی ہے اس کا اجلاس 10اپریل کو ہوگا جس میں فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے طے کیا جائیگا۔