ماسکو (آئی این پی) روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں رکن پارلیمنٹ لیونیڈ سلوتسکی کی جانب سے جنسی ہراسیت کا نشانہ بنایا گیا۔ اس سے قبل کئی روسی صحافی خواتین مذکورہ رکن پارلیمنٹ پر اسی نوعیت کے الزام عائد کر چکی ہیں۔ وزارت خارجہ کی ترجمان نے روسی چینل ’’این ٹی وی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روس کے شمال مغربی شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے ایک ریستوران میں "لیونیڈ نے اس نوعیت کی باتیں کیں جو مجھے کسی طور بھی پسند نہیں آئیں"۔ روسی ترجمان کے مطابق یہ واقعہ پانچ برس پرانا ہے جب وہ کوئی جانی پہچانی شخصیت نہیں تھیں۔گزشتہ چند ہفتوں کے دوران 4 صحافی خواتین نے لیونیڈ سلوتسکی پر ایسا ہی الزام عائد کیا۔ لیونیڈ نے پہلے تو الزامات کو "گھٹیا اشتعال انگیزی" قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی اور پھر 50 سالہ رکن پارلیمنٹ نے جمعرات کے روز پہلی مرتبہ متاثرہ خواتین سے معافی مانگ لی۔
روسی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان کا رکن پارلیمنٹ پر جنسی ہراساں کرنیکا الزام
Mar 12, 2018