پشاور(بی بی سی ڈاٹ کام+ آن لائن) خیبر پی کے کی جیلوں میں سرکاری ذرائع کے مطابق کم از کم 45 قیدی ایڈز کے مرض میں مبتلا پائے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایڈز کے مریضوں کے علاوہ 60 قیدی ٹی بی کا شکار ہیں جبکہ ہیپاٹائٹس میں مبتلا قیدیوں کی تعداد کہیں زیادہ بتائی گئی ہے۔ خیبر پی کے میں پہلی مرتبہ قیدیوں کی سکریننگ کی جارہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ قیدی کہیں خطرناک بیماریوں کا شکار تو نہیں ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع صوابی کی حوالات میں 19 قیدی ایڈز میں مبتلا پائے گئے ہیں جبکہ دیگر جیلوں میں 25 کے لگ بھگ قیدی ایسے ہیں جو اس خطرناک مرض کا شکار ہیں۔ صوبے کی تمام جیلوں میں ان دنوں قیدیوں کے مہلک بیماریوں کے حوالے سے معائنے کیے جا رہے ہیں۔ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات شاہداللہ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ صوبے کی جیلوں میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے اور قیدیوں کی فلاح کے لیے مربوط لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔ صوبے کی جیلوں میں گذشتہ ماہ سکریننگ شروع کی گئی تھی اور اب تک یہ سلسلہ جاری ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات نے بتایا کہ اس وقت صوبے کی جیلوں میں 11 ہزار سے زیادہ قیدی موجود ہیں جن کے معائنے کیے جا رہے ہیں۔
خیبر پی کے کی جیلوں میں سکریننگ جاری‘ 45 قیدی ایڈز میں مبتلا ہونیکا انکشاف
Mar 12, 2018