سیروتفریح کیلئے پیر چناسی جانیوالے 2 نوجوان پائوں پھسلنے سے گہری کھائی میں گر کر جاں بحق

Mar 12, 2018

مظفرآباد (صباح نیوز) پیر چناسی سیرو تفریح کیلئے جانے والے 2نوجوان گہری کھائی میں گر کر جان کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ سے پیوستہ رات ذیشان کیانی، بلال مغل اور احتشام مہران کار لیکر پیرچناسی جارہے تھے۔ سٹی پولیس کے مطابق رات ساڑھے 11بجے پیرچناسی سے ایک کلومیٹر پہلے دونوں متوفی حاجت کے لیے گاڑی سے اترے احتشام گاڑی میں بیٹھا رہا جبکہ ذیشان کیانی اور بلال مغل پائوں پھسلنے سے گہری کھائی کی نذر ہوگئے۔ گزشتہ صبح ریسکیو 1122کے اہلکار اور سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ کھائی 3ہزار فٹ گہری بتائی جاتی ہے۔ پولیس اور ریسکیو 1122نے 3گھنٹے کے آپریشن کے بعد نعشیں ڈھونڈ لیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں جوانوں کے جسم کی ہڈیاں چکنا چور ہوچکی ہیں۔ احتشام نے پولیس کو بتایا ہے کہ ذیشان کیانی اور بلال مغل پیشاب کی حاجت پوری کرنے کیلئے گاڑی سے اتر ے تھے۔ پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیں تاہم ورثاء نے پوسٹ مارٹم سے انکار کردیا۔ دریں اثناء دونوں جاں بحق نوجوانوں کی مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔ نوجوانوں کی ہلاکت کی خبر پورے شہر میں پھیل گئی۔ جاں بحق ہونیوالے ذیشان اور بلال کی عمریں 20,20سال بتائی جاتی ہیں۔

مزیدخبریں