ملتان( نامہ نگار خصوصی) تحریک لبیک یار سول اللہ اور تحریک صراط مستقیم( ضلع ملتان) کے زیراہتمام شام میں کی گئی بمباری کے خلاف ریلی چودہ نمبر چونگی سے نواں شہر چوک تک نکالی گئی۔ جس میں کثیر تعداد میں علماء مشائخ اہلسنت اور عوام نے شرکت کی۔ ریلی میں تحریک لبیک یا رسول اللہ جنوبی پنجاب کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالعلیم جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روس اور امریکہ کاابدالوں کی سرزمین ملک شام کو نہایت ہی تباہ کن جنگ کا میدان بنانا امت مسلمہ کے لئے بہت بڑاالمیہ ہے۔ مشرقی غوطہ کے سب سے بڑے شہر ’’دوما‘‘ کے مضافاتی علاقہ’’شیفونیہ‘‘ میں بموں، میزائلوں اور مہلک کیمیائی مواد کی بارش کی جارہی ہے۔ ہر طرف ملبوں کے نیچے لاشیں دبی ہوئی ہیں۔ ادھر عالم اسلام خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ سلامتی کونسل کی شام کے بارے میںجنگ بندی کی منظور شدہ قرار داد پر فی الفور عمل کرایاجائے امدادی کارروائیوں کے لئے انسانی حقوق کی مسلمان تنظیموں کو متاثرہ علاقے میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ غوطہ میں موجود جیش الاسلام، احرار الشام اور فلیق الرحمن سمیت تمام عسکری گروپوں کی وہاں موجودگی کی قیمت وہاں بے گناہ بچے اور بے قصور نہتے شہری ادا کررہے ہیں۔