کابل (بی بی سی+نوائے وقت رپورٹ) افغان صوبہ فرح میں طالبان کے حملے میں مرنیوالے فوجیوں کی تعداد24ہو گئی۔ صوبہ قندوز میں طالبان نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ افغان میڈیا کے مطابق حملے میں چار پولیس اہلکار ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔ صوبہ فاریاب میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں تین بچے جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ طالبان نے سکیورٹی فورسز کو صوبے فراح میں اس وقت نشانہ بنایا جب سیکیورٹی فورسز کے اہلکار بالا بلوک ضلع میں ایک کارروائی کرنے کے لیے جمع ہو رہے تھے۔ مزید تفصیلات کے مطابق طالبان کے جنگجوؤں اور فورسز کے اہلکاروں میں شدید لڑائی شروع ہو گئی تھی۔ ایران کی سرحد سے ملحقہ افغانستان کا مغربی صوبہ فرح پوشت کی کاشت کا بڑا مرکز ہے۔ طالبان نے اس صوبے میں دو ہفتے قبل افغان فوج کے ایک اڈے کو بھی نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں بائیس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ افغان وزارتِ دفاع کیترجمان دولت وزیری نے روئٹرز نیوز ایجنسی کو بتایا کہ سکیورٹی فورسز کے خصوصی دستوں کے 4 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ صوبائی کونسل کے سربراہ فرید بختاور نے کہا کہ ابتدائی حملے کے بعد ہونے والی لڑائی کے دوران فضائی حملے میں پچیس طالبان جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔
افغان صوبہ فرح میں طالبان کے حملے میں مرنیوالے فوجیوں کی تعداد24ہو گئی
Mar 12, 2018