طرابلس(این این آئی)لیبیا کے سابق صدر مقتول معمر قذافی کی لاش بارے ایک مرتبہ پھر بحث چھڑ گئی ہے کہ وہ کہاں گئی اور اس کو کہاں دفن کیا گیا تھا؟ سعودی عرب میں لیبیا کے سابق سفیر محمد سعید آل قشاط نے روسی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ کرنل معمر قذافی کی قبر کے بارے انھیں کچھ معلوم نہیں۔ اکتوبر 2011ء میں ان کی ناگہانی موت کے بعد ان کی لاش مصراتہ بریگیڈز کے حوالے کی گئی تھی۔ وہ ایک ہفتے تک مردہ خانے میں پڑی رہی تھی۔ پھر اس کو غسل دیا گیا اور نماز جنازہ ادا کی گئی تھی۔ اس کے بعد کچھ معلوم نہیں کہ ان کی میت کدھر گئی تھی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ مقتول صدر کے بعض رشتے داروں اور قبائلی سرداروں نے ان کی میت حوالے کرنے اور پھر قبر کی جگہ کی نشان دہی کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن مصراتہ بریگیڈ نے تدفین کی جگہ بارے کچھ بتایا نہ اب تک کسی کو اس حوالے سے کچھ معلوم ہوسکا۔