سوویت فوجیوں نے 8 ماہ میں 20 لاکھ جرمن خواتین کی آبرو ریزی کی، عرب ٹی وی

برلن (این این آئی) عرب ٹی وی نے دنیا کے سب سے بڑے گینگ ریپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایک خصوصی رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق سوویت فوج کے ہاتھوںآٹھ ماہ میں20 لاکھ جرمن خواتین کی آبرو ریزی کی گئی، عرب ٹی وی نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں کہاکہ تاریخ انسانی کا سب سے بڑا گینگ ریپ 1945 میں سوویت فوج کے ہاتھوں جرمن خاتون کا قرار دیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنوری اور اگست 1945 کے دوران سوویت فوج نے جرمنی کی سرزمین میں خواتین کی عزت و ناموس کو جس بے دردی اور بربریت کے ساتھ پامال کیا اس کی مثال دنیا کے کسی دوسرے خطے اور دور میں نہیں ملتی۔ سوویت فوج کی درندگی کے سامنے انکار کی جرات کرنے والی خاتون کو ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا تھا۔ 1945 کے اوائل میں جرمنی کے بیشتر مرد فوج کی صفوں میں تھے جو جنگ عظیم دوم کی وجہ سے محاذوں پر لڑ رہے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ شہر تقریباً مردوں سے خالی ہو چکے تھے جبکہ شہروں میں پیچھے رہ جانے والی خواتین اور بچے ہی تھے۔ سوویت فوج جب جرمنی میں داخل ہوئی تو اس کی آبادی کو مردوں سے خالی پایا اور اپنے سامنے صرف صنف نازک کو پا کر وہ بزدل فوج اور بھی جری ہوگئی۔ سوویت فوج نے انتقامی حربے کے طور پر سب سے پہلے مشرقی علاقوں میں خواتین کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانا شروع کیا۔ یہاں سے سوویت فوج کی تاریخی بدنامی کا آغاز ہوا۔ یہ مشہور ہوگیا کہ سوویت فوج جس علاقے میں داخل ہوتی ہے وہاں پر خواتین کی عزتوں کے ساتھ کھلواڑ کرتی چلی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سوویت فوج کے حملوں کے خوف سے جرمنی کی بڑی تعداد میں عورتوں نے خودکشیاں شروع کر دیں۔ جرمنی شہر دمین میں بڑی تعداد میں خواتین نے اپنی عزت و ناموس کو بچانے کے لیے موت کو گلے لگا لیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن