اسلام آباد(نا مہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم، پروفیشنل ٹریننگ، قومی تاریخ و ادبی ورثہ شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق عظیم تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں، کسی ملک کی شناخت میں اس کا ثقافتی ورثہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ ایڈوائزری کمیٹی آف ہیریٹیج کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے اور اس کی بحالی سے نہ صرف ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرناہو گا بلکہ اس سے کلچرل ٹورازم کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عظیم ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں وزیر اعظم کی ہدایت پر ایڈوائزری کمیٹی آف ہیریٹیج تشکیل دی گئی ہے جس کو یہ مینڈیٹ دیا گیا ہے کہ وہ ملک میں ایسی جگہوں کی نشاندہی کریں اور حفاظت و بحالی اور بہتری کے لئے تجاویز دیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سلسلہ میں صوبائی سطح پر بھی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جس کے بعد اس کے دائرہ کار کو ضلعی سطح پر توسیع دی جائے گی، نیشنل میوزیم کراچی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر عمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ انجینئر عامر رضا، جوائنٹ سیکرٹری و ڈی جی ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم سید جنید اخلاق اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران جوائنٹ سیکرٹری، ڈی جی ڈپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم سید جنید اخلاق نے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈوائزری کمیٹی آف ہیریٹیج کااجلاس،ڈی جی کی شرکاء کوبریفینگ
Mar 12, 2019