ویلنگٹن ۔ 11 مارچ (اے پی پی) روز ٹیلر کی ڈبل سنچری، نیکولز کی سنچری اور کین ولیمسن کی نصف سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن ٹیسٹ میں بنگلہ دیشی اننگز کے سکور 211 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز 432 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کردی۔ روز ٹیلر نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 200 رنز سکور کئے، نیکولز 107 رنز اور کپتان کین ولیمسن 74 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے پہلی اننگز میں ابو جاوید نے تین، تیجل الاسلام نے دو جبکہ مستفیض الرحمان نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں میچ کے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنالئے تھے اور اسکو میزبان ٹیم کے مجموعی برتری کے سکور کو برابر کرنے کے لئے مزید 141 رنز کی ضرورت تھی جبکہ اسکی 7 وکٹیں ابھی باقی تھیں۔ کیوی ٹیم کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے دو جبکہ ہنری نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مہمان ٹیم کی اننگز کے سکور 211 رنز کے جواب میں 6 وکٹوں کے نقصان پر432 پر ڈیکلیئر کر دی۔