پی ایس ایل4: سلاطانز قلندرز ، زلمی نے کنگز کو ہرادیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ ایک میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر انہیں پوائنٹس ٹیبل میں بھی آخری پوزیشن پر دھکیل دیا جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو61رنز سے ہرادیا۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز کے کپتان فخرزمان نے 53 رنز بنا کر بڑا مجموعہ ترتیب دینے کی کوشش کی لیکن دیگر بلے باز ان کا ساتھ نہ دے سکے، ویسلز 27 کے مجموعے پر صرف 4، سہیل اختر5، حارث سہیل 7 اور سعد علی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ڈیوڈ ویز نے 30 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد گونارتنے صرف 12 رنز کا اضافہ کرپائے۔لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔سلطانز کی جانب سے محمد عباس نے 3 اور شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ آسان ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے پراعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کیا ‘پہلی وکٹ 20 رنز پر گری تھی جب 13 رنز پر کھیلنے والے عمر صدیق کو فخرزمان نے رن آؤٹ کیا۔سلطانز کی دوسری وکٹ 70 رنز پر گری جس کے بعد شان مسعود اور چارلس نے اسکور کو 123 رنز تک پہنچایا لیکن شان مسعود کو ڈیوڈ ویز نے صرف دو رنز کے فرق سے نصف سنچری مکمل کرنے کا موقع نہیں دیا اور 48 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔چارلس اور شاہد آفریدی نے مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دیا اور 13 ویں اوور کی تیسری گیند پر 141 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلادی۔سلطانز کے چارلس 41 اور آفریدی 3 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ملتان سلطانز نے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے فتح حاصل کرلی۔قلندرز کے خلاف اچھی باؤلنگ پر محمد عباس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا۔ گروپ سٹیج کے آخری میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 61 رنز سے شکست دے کر پوائٹنس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پشاور زلمی کے تجربہ کار بلے بازوں نے کراچی کنگز کے باؤلرز کو اپنی جارحانہ بلے بازی کا نشانہ بنایا۔پاکستان میں اپنا 100واں ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے کامران اکمل نے اس سنگِ میل کو اپنے لیے یاد گار بناتے ہوئے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔امام الحق کے ہمراہ دونوں نے پہلی وکٹ پر 137 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب گامزن کیا۔کامران اکمل 5 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 86 رنز کی اننگز کھیل کر 14ویں اوور میں آؤٹ ہوئے تو ایسا محسوس ہورہا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم اسلام آباد کی طرح بہت بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔تاہم کراچی کنگز کے باؤلرز نے شاندار کم بیک کیا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں لیتے گئے، تاہم پشاور زلمی کے کھلاڑیوں کے قلیل حصے کی بدولت ٹیم 203 رنز بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور ابتدا میں ہی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے عالمی نمبر ایک بابر اعظم اور عالمی نمبر 2 کولن منرو ایک مرتبہ پھر ناکام ہوگئے۔پہلے کولن منرو صفر پر حسن علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے جس کے بعد بابر اعظم بھی 13 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔کراچی کنگز کی امیدیں لیام لیونگسٹن سے تھیں لیکن وہ بھی 22 کے مجموعے پر 6 رنز بنانے کے بعد ٹائمل ملز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پشاور زلمی کی ٹیم 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ کراچی کنگز کی ٹیم 10 پوائنٹس اور خراب رن اوسط کی وجہ سے چوتھے نمبر پر ہے۔

ای پیپر دی نیشن