واشنگٹن (بی بی سی)فوربز کی بلین ائر لسٹ یعنی ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی ایمیزون کے موجد جیف بیزوس دنیا کے امیر ترین آدمی ہیں۔ فوربز کے اندازے کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت 131 ارب ڈالر سے زائد ہوگئی ہے۔لیکن جیف بیزوس تاریخ کے سب سے امیر ترین انسان نہیں۔یہ اعزاز چودھویں صدی کے مغربی افریقہ کے حکمران منسا موسیٰ کے سر جاتا ہے۔ موسیٰ جتنے امیر تھے اتنے ہی سخی اور دریا دل بھی تھے اور یہی وجہ تھی کہ ان کی سلطنت کی معیشت تباہ ہوگئی۔امریکہ کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر روڈولف بچ ویئر بتاتے ہیں کہ موسیٰ کی دولت کے بارے میں جو معلومات اوراندازے ہیں وہ اتنے دیوہیکل ہیں کہ صحیع طرح سے یہ اندازہ لگانے میں مشکل ہے کہ افریقی حکمران کتنے امیر اور طاقتور تھے۔