لاہور سیمت کئی شہروں میں بارش، بجلی گرنے، کرنٹ سے جڑانوالہ ساہیوال میں 2 افراد جاںبحق

اسلام آباد/ لاہور/مری/چناب نگر/ اوکاڑہ/ ساہیوال/ جڑانوالہ (نامہ نگاران،سپورٹس رپورٹر‘ نمائندگان، صباح نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کیساتھ کہیں تیز کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی، فصلوں کو نقصان ندی نالوں میں طغیانی بہاؤ تیز ہو گیا۔ جڑانوالہ کرنٹ سے ایک شخص ساہیوال میں آسمانی بجلی گرنے سے کاشتکار جل کر بھسم ہو گیا جبکہ مختلف جگہوں پر کچی اور کمزور چھتیں ٹپکنا شروع ہو گئیں۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ سڑکوں بازاروں میں پانی جمع ہونے سے کاروبار زندگی مفلوج ہو گیا۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، متعدد شہروں میں فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق بھکر شہر و گرد و نواح میں صبح سویرے موسلادھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا گلیاں اور بازار سیوریج سسٹم بند ہونے کے باعث پانی سے بھر گئے۔ شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ مایوسی کے مطابق چنے کی فصل پر مثبت اثرات ہونگے جبکہ گندم کی فصل متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔ شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال پھر شروع کر دیا۔ ہارون آباد اور گردونواح میں گرچ چمک کے ساتھ تیز اور موسلادھار بارش کا سلسلہ دن بھر جاری رہا جبکہ شہر سمیت کئی مقامات پرژالہ باری ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی، زرعی ماہرین کے مطابق حالیہ بارشیں گندم کی فصل کیلئے نقصان دہ ہے۔ سرگودھا شہر اور گردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سردی کی شدت میں اضافہ کے سبب جیکٹیں سویٹر اور جرسیاں نکل آئیں اور بجلی کی آنکھ مچولی شروع ہو گئی۔ شہر اور گردونواح میں شدید بارش اورژالہ باری سے موسم ایک بار پھر سرد ہو گیا۔ رات بھر بارش نے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ سکولز میں طلبہ کی حاضری بھی بہت معمولی رہی۔ محکمہ موسمیات نے مزید دو دن تک بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ جڑانوالہ میں موسلادھار بارش کے باعث سڑک کے درمیان بڑی کیبل کی تار کو ہٹاتے ہوئے زمیندار کرنٹ لگنے سے چل بسا بتایا گیا ہے کہ نواحی گائوں چک نمبر 657/8 گ ب کا رہائشی شاہ علی ٹریکر ٹرالے پر بچیانہ روڈ پر جارہا تھا۔ راستہ میں بارش کے باعث گرین والی کیبل کی تار کو ہٹاتے ہوئے کرنٹ لگ گیا جس سے وہ جلس کر چند منٹوں میں خالق حقیقی سے جا ملا۔ تاندلیانوالہ اور گردونواح میں شدید بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ بجلی کی گرج چمک نے لوگوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کئے رکھا جبکہ بارش سے شہر میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا کچے مکانات کو جزوی طور پر نقصان بھی پہنچا اور گھروں کی چھتیں بھی ٹپک پڑیں۔ وہاڑی شہر اور گردونواح میں رات سے بارش کے ساتھ ژالہ باری کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع بجلی کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے۔ بارش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر، بازار ویرن ہو گئے۔ ساہیوال ڈویژن میں سارا دن وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی تینوں اضلاع پاکپتن، اوکاڑہ اور ساہیوال میں بارش کے سبب کاروبار زندگی معطل رہا اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ نواحی چک 4۔ون۔آر میں آسمانی بجلی گر نے سے کاشتکار طارق بشیر جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ چک86۔سکس۔آر میں مکان کی چھت گر نے سے ایک شخص برکت شدید زخمی ہوگیا۔ دیگر شہروں کی طرح بورے والا میں بھی بارش کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ وقفے وقفے سے جاری بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ کئی کئی گھنٹے کی بندش نے شہریوں کو مزید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئیں۔ شورکوٹ شہر وگردونواح میں دن بھر موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعرات کے روز شمال مشرقی بلوچستان، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپی کے، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک/ تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم بلوچستان ، جنوبی پنجاب ، زیریں خیبر پی کے اور بالائی سندھ کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ مزید براں مری سے ملحقہ صوبہ خیبر پی کے میں ڈونگہ گلی کے قریب کنڈلاں کے مقام پر برفانی تودے کی سلائیڈنگ کے نتیجے میں لاپتہ ہونے والے دو افراد کی نعشیں بدھ کے روز نشیبی کھائی سے نکالی گئیں، اس طرح وہاں جاں بحق ہونے والوںمیں اب ماڈل ٹاون لاہور کی ایک خاتون فرخندہ سمیت، نوید اور شعیب جن کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے‘ شامل ہیں۔ دو کاریں ایک سوزوکی وین حادثے کا شکار ہوئی تھیں۔ بائیس میں سے گیارہ افراد شدید زخمی تھے۔ جاں بحق تین افراد کی نعشیں بدھ کو لواحقین کے سپرد کی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن