گوجرانوالہ: وزیراعظم 20 مارچ کو چلڈرن ہسپتال کا سنگ بنیاد باجوہ سپورٹس کمپلکس کا افتتاح کرینگے

Mar 12, 2020

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان نے گوجرانوالہ میں10 ارب روپے کی لاگت سے چلڈرن ہسپتال بنانے کی منظوری دے دی، چلڈرن ہسپتال کیلئے راہوالی کے قریب12 ایکڑ قطعہ اراضی کا حتمی انتخاب کر لیا گیا جہاں200 بیڈز پر مشتمل چلڈرن ہسپتال تعمیر کیا جائیگا، وزیراعظم عمران خان20 مارچ کو گوجرانوالہ کا دورہ کریں گے اور اس ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھیں گے، وہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ گکھڑ میں باجوہ سپورٹس کمپلیکس کا بھی افتتاح کریں گے جوکہ40 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے اور اس کا نام آرمی چیف کے والد کرنل اقبال باجوہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، افتتاح کے بعد سپورٹس کمپلیکس عوام کیلئے کھول دیا جائیگا جہاں کھیلوں کی سرگرمیاں ہوں گی، پی ٹی آئی کے راہنما جمال ناصر چیمہ نے بتایا کہ دونوں بڑے منصوبے ان کے حلقہ انتخاب میں ہیں جس سے علاقے کے لوگ خوش ہیں گکھڑ اور راہوالی میں مٹھائیاں بانٹی جارہی ہیں، چلڈرن ہسپتال سے گوجرانوالہ سمیت سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہائوالدین اور حافظ آباد کے لوگ بھی استفادہ کرسکیں گے، یہ لاہور کے بعد پنجاب میں بچوں کا دوسرا بڑا ہسپتال ہوگا انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران دیگر کئی ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کریں گے۔

مزیدخبریں