لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) لاہور ایئرپورٹ پر آسٹریلوی صحافی ڈینس فریڈمین سے مبینہ طور پر رشوت لینے کا معاملہ سامنے آنے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا جس کے بعد ایک ملازم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ ڈینس فریڈمین دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کروانے اور پاکستان سے والہانہ محبت کی وجہ سے کرکٹ شائقین میں انتہائی مقبول ہیں اور وہ گزشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کوریج کے لیے پاکستان آئے ہوئے تھے۔پاکستان میں چند ہفتے گزارنے کے بعد وہ لاہور ائیرپورٹ کے ذریعے آسٹریلیا روانہ ہوئے اور وہاں پہنچتے ہی انہوں ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے ائیرپورٹ اہلکاروں پر رشوت طلب کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ ائیرپورٹ حکام نے مدد کے بدلے رقم کا مطالبہ کیا، ائیرپورٹ لانج میں کہا گیا کہ اپنا بیگ دکھا جو بھی کرنسی ہے دو، اہلکار نے رقم کے لیے اصرار کیا جس پر اسے پیسے دیے۔