لاہور (کامرس رپورٹر) کمرشل بینکوں کے ڈپازٹس میں جمع رقم 148 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے8 ماہ کے دوران ڈپازٹس میں موجود رقوم میں اڑھائی فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق فروری کے اختتام تک بینکوں کے ڈپازٹس میں موجود رقم 148 کھرب 15 ارب 10 کروڑ روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ آٹھ ماہ کے دوران ڈپازٹس میں 356 ارب 79 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ مالی سال اس عرصے میں ڈپازٹس میں اضافے کی بجائے 2 فیصد کی کمی رکارڈ کی گئی تھی۔ رواں مالی سال نجی شعبے کی طرف سے بینکوں سے قرض کم لینے کے باعث بینکوں کی حکومتی پیپرز میں سرمایہ کاری بڑھ گئی ہے۔ 8 ماہ کے دوران نجی شعبے کے قرضوں میں صرف 1.4 فیصد ہی اضافہ ہوا اور ان کا حجم 82 کھرب 12 ارب روپے ہو گیا، گزشتہ مالی سال اس عرصے میں بینکوں سے نجی شعبے کے قرضوں میں 7 فیصد اضافہ رکارڈ کیا گیا تھا۔ رواں مالی سال بینکوں سے حکومتی قرضوں میں اضافے کی شرح 14.4 فیصد تک پہنچ گئی اور ان کا حجم 87 کھرب 25 ارب روپے سے تجاوزکر گیاجبکہ گزشتہ مالی سال اس عرصے میں بینکوں کی حکومتی پیپرز میں سرمایہ کاری میں 8.3 فیصد کمی رکارڈ کی گئی تھی۔