کورونا سے متاثرہ ممالک سے آنے والے مسافروں پر پابندی سخت کرنے اور کھیلوں کے بڑے اہم واقعات بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے گزشتہ روز لاطینی امریکی ممالک نے کورونا وائرس کی پیش قدمی کو سست کرنے کے لئے اقدامات تیز کردیئے۔فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ارجنٹائن ، کولمبیا اور پیرو نے اعلان کیا ہے کہ چین ، اٹلی ، اسپین اور فرانس سے آنے والے مسافروں کو آمد پر الگ تھلگ کیا جائے گا۔ ارجنٹائن لاطینی امریکہ کا پہلا ملک ہے جس نے گزشتہ روز کورونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص کی موت کا اعلان کیا تھا ، بیونس آئرس نے چین ، اٹلی ، فرانس ، جرمنی ، اسپین ، جاپان ، جنوبی کوریا اور امریکہ سے آنے والے لوگوں کو دو ہفتے طبعی نگرانی میں رکھنے کا اعلان کیا۔ ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈیز نے متنبہ کیا کہ ’یہ رضاکارانہ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی سفارش ہے، اگر آپ اس کی تعمیل نہیں کرتے ہیں تو آپ ایسا جرم کریںگے جس سے عوام کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔فرنانڈیز کے مطابق ارجنٹائن سب سے زیادہ متاثرہ یورپی ملک اٹلی سے آنے والے مسافروں کو روکنے پر غور کر رہا ہے، جبکہ ارجنٹائن کے کھیلوں کے حکام نے ساوتھ امریکن تیراکی چیمپئن شپ ، ایتھلیٹکس گراں پری کا اجلاس ، ورلڈ کپ آف فینسنگ اور اولمپک باکسنگ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ جیسے متعدد ایونٹس ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے ۔