کراچی(نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے۔صدرمملکت عارف علوی نے کراچی میں ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کی تقریب سے خطاب کیا اور تریسٹھ سال بعد انسٹیٹیوٹ کو کالج کا درجہ ملنے پر مبارکباد دی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ جنگی ماحول کو ہوا دی لیکن پاکستان نے ان کا پائلٹ واپس کرتے ہوئے اعلیٰ معیار کی اخلاقی اقدار کا مظاہرہ کیا۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ پاکستان جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا لیکن ہم کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، پاکستان امن کا داعی ہے اورخطے میں امن چاہتا ہے۔مقبوضہ وادی میں بھارت بربریت کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بھارت اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بے انتہا ظلم ڈھا رہا ہے، وادی میں ظلم وستم کا بازار گرم ہے۔تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی سے ملک میں غربت کم کی جا سکتی ہے۔
بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر ظلم:کا بازار گرم،جارحیت کے جواب کیلئے تیار صدر
Mar 12, 2021