مہنگائی خان کامقابلہ اپوزیشن نہیں براہ راست عوام سے ہوگا، اویس لغاری

Mar 12, 2021

ڈیرہ غازیخان (نامہ نگار، نمائندہ نوائے وقت) چیئرمین سینٹ کے ہونے والے الیکشن میں اداروں کی مداخلت کے خدشات موجود ہیں،الیکشن کمیشن کے حالیہ انصاف پر مبنی فیصلوں کی وجہ سے جمہوریت کو تقویت ملی ہے،ملک میں موجود تمام ادارے قومی اور محترم ہیں ، ’’مہنگائی خان‘‘ کامقابلہ اب اپوزیشن سے نہیں بلکہ ڈائریکٹ عوام سے ہوگا،نئے الیکشن وقت کا تقاضا ہے فی الفور کرائے جائیں۔یہ بات ممبرپنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ’’ن‘‘ پنجاب کے جنرل سیکریٹری سردار اویس احمدخان لغاری نے سبزی منڈی کے آڑھتی چوہدری محمد اسحاق کی اہلیہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ وپر مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی،ان کے ہمراہ سابق ایم پی اے سید عبدالعلیم شاہ، محمدسرور صدیقی، محمدریاض اللہ والا، شیخ عمران سفیان، رانا محمد اسلام،سید فراست علی شاہ اور دیگر بھی موجود تھے، سردار اویس خان لغاری نے کہاکہ پاکستان کے عوام خود پر زبردستی مسلط کئے گئے وزیراعٖظم کامعیشت پروگرام کھلی آنکھوں سے دیکھ چکے ان کے پاس عوام کے مسائل کاکوئی حل نہیں بلکہ دن بدن مہنگائی میں اضافہ سے عوام کاجینادوبھرکررکھاہے۔جتنی جلدی ممکن ہوسکے اس نالائق اور نااہل حکومت سے جان چھڑائی جائے تاکہ عوام سکھ کاسانس لے سکیں۔ 

مزیدخبریں