ہائیکورٹ حملہ کیس،25وکلا کوچارہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت

 اسلام آباد (وقائع نگار )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے ہائیکورٹ حملہ اور توڑ پھوڑ کیس میں اسلام آباد بار کونسل کے ممبر نصیر کیانی، اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے صدر زاہدمحمود راجہ سمیت25 وکلا کو توہین عدالت کی درخواست پرچارہفتوں میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔گذشتہ روزسماعت کے دوران وکیل شائستہ تبسم اور خالد محمودخان کی جانب سے وکیل بیرسٹر جہانگیر جدون نیدلائل دیتے ہوئے کہاکہ ہمارے خلاف توہین عدالت کے جو الزامات ہیں ان کے ثبوت دیکھائے جائیں،یہاں توہین عدالت کا ایک ہی قسم کا نوٹس سب کو بھیج دیا گیا،ہم چاہتے ہیں ڈسپلنری کاروائی بھی آپ کی عدالت میں چلے،جج کی غیر جانبداری بھی ضروری ہے،جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ وہ معاملہ ابھی میرے پاس نہیں،بیرسٹر جہانگیر جدون نے کہاکہ ہماری تشویش یہ ہے کہ وکلا کو ہتھکڑیوں لگا کر لایا جاتا رہا ان کی تضحیک کی گئی، شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہاکہ سوشل میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا پر ہمارے خلاف مہم چلائی گئی وہاں ہمارا موقف ہی نہیں تھا،جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ کچھ وکلا نے جواب جمع کرادیا جو رہتے ہیں وہ بھی جواب جمع کرادیں،عدالت نے جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت چار ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن