اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے کروناکے باعث معاشی طور پر متاثر پاکستانی نوجوانوں کی بحالی کے لیے ایگری انٹریپرینیور پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔ یہ پروگرام اسٹینڈرڈ چارٹرڈ کے فیوچر میکر پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصدکروناسے متاثر نوجوان افراد سمیت،معاشی شمولیت کو فروغ دے کر عدم مساوات سے نمٹنا ہے۔اسٹینڈرڈ چارٹرڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ یہ فنڈز برٹش ایشین ٹرسٹ کے ذریعے استعمال کیے جائیں گے اور اس رقم سے پنجاب اور سندھ کے شہری علاقوں کے نواح سے تعلق رکھنے والے، 35 19-سال کی عمر کے 1,000 افراد کو خصوصی مہارتوں میں تربیت، مشاورت اور نیٹ ورکنگ فراہم کی جائے گی۔برٹش ایشین ٹرسٹ اِن نوجوان افراد کے ساتھ - جن میں سے 90 فیصد خواتین ہیں ،براہ راست کام کرے گا تاکہ وہ مضبوط مقامی امکانات کے ساتھ زرعی ویلیو چین میں مصنوعات کی تیاری اور فروخت کے ذریعے منافع بخش اور مستحکم ادارے قائم کر سکیں۔ یہ ادارے خشک مرچوں، سوہانجنا سمیت دیگر زرعی مصنوعات، کیکڑوں کی افزائش، سبزیوں اور مقامی جانوروں کے لیے چارے کی فروخت، جام اور اچار کی فروخت جیسی مختلف خدمات انجام دیں گے۔