لاہور (سپورٹس ڈیسک) افغانستان نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز 4وکٹوں پر 545رنز بناکر ڈکلیئر کر دی ۔ حشمت اللہ شہیدی نے ناقابل 200رنز کی اننگز کھیل کر افغان ٹیم کی پوزیشن مضبوط بنادی ۔ ابوظہبی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں کپتان اصغر افغان 164رنزبناکرآئوٹ ہوئے ۔ ناصر جمال 55رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ وکٹر نیائوچی ‘سکندر رضا اور ریان برل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ زمبابوے نے بغیر کسی وکٹ کے گرے 50رنز بنالئے ۔ پرنس میسوری 29اور کیون کاسوزا14رنز پر کھیل رہے ہیں ۔ زمبابوین ٹیم کو افغان ٹیم کا سکور برابر کرنے کیلئے مزید 495رنز درکا جبکہ تمام وکٹیں باقی ہیں ۔ زمبابوے کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ حشمت اللہ شہیدی ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے افغان کرکٹر بن گئے ہیں ۔