لاہور (خصوصی نامہ نگار)چودھری شجاعت حسین اورچودھری پرویزالٰہی سے چین کے سفیر نونگ رونگ اور قونصل جنرل لاہورپنگ زن گیو نے یہاں اُن کی رہائش گاہ پر وفد کے ساتھ ملاقات کی ۔اس موقع پر ایم این اے مونس الٰہی ، شافع حسین ، منتہاہ اشرف بھی موجود تھے ۔ جبکہ وفد میں میجر جنرل چن ونگ رونگ،وزیرخزانہ زی گوسنگ ، پنگ ین فی، بائو زوہانگ، دُو یو ، ذوہانگ بنگ،لیو روی اور ہان جن فوشامل تھے۔ملاقات میں موجودہ ملکی و سیا سی صورتحال باہمی دلچسپی کے امور اور کرونا وباء کی نئی لہر پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چینی سفیر نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی ۔پرویزالٰہی نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور گہری ہو تی جا رہی ہے ۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے سی پیک نہ صرف تجارتی معاہدہ ہے بلکہ دونوں ممالک کی ترقی کا ضامن بھی ہے ۔چودھر ی شجاعت اور پرویزالٰہی نے چین کی طرف سے کرونا ویکسین کا تحفہ پاکستانیوں سے محبت کا اظہار قرارہ دیا ۔ چین کے سفیر نے شجاعت حسین اورپرویزالٰہی کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے لئے لازم وملزم ہیں۔ حکومت کوئی بھی ہو دونوں ملکوں کی عوام ایک دوسرے سے محبت کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں۔