پنجاب میں سیاسی تماشا لگانے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے: عثمان بزدار، پرویز الہی

لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) عثمان بزدار سے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ملاقات کی۔ رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی‘ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب طاہر خورشید اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور‘ سیاسی صورتحال اور چیئرمین سینٹ کے الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز الٰہی نے چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کی حمایت کا اعادہ کیا۔ عثمان بزدار اور پرویز الٰہی نے ملاقات کے دوران اس امر سے اتفاق کیا کہ مرکز کے بعد پنجاب میں سیاسی تماشا لگانے کی ہر سازش کو ملکر ناکام بنائیں گے اور سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں  گے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ ہمارا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں بہترین حکمت عملی کے ذریعے پنجاب میں حکومتی اتحاد کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ چیئرمین سینٹ کے الیکشن میں بھی حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو کامیابی ملے گی۔ اڑھائی سال سے سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن ان عناصر کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عثمان بزدار سے چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات کے فروغ‘ چین کے تعاون سے پنجاب میں جاری منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نونگ رونگ نے وزیراعلیٰ کو چین کے دورے کی دعوت دی۔ صنعت‘ زراعت اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے شعبوں میں معاونت مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ چین کے سفیر نے کرونا وباء پر قابو پانے کیلئے وزیراعلیٰ کی قیادت میں پنجاب حکومت کے موثر اقدامات کو سراہا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد دوست ملک ہے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں چین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ چینی کمپنیاں سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کریں۔ چین کے سفیر نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ عثمان بزدار نے مظفر گڑھ کے قریب لاشاری جنگل میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی۔ عثمان بزدار نے بورے والہ روڈ اور دیپالپور روڈ پر ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔عثمان بزدار نے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات فراہم کرنے کیلئے860ملین روپے فراہم کرے گی۔ فنڈز کے اجراء سے کینسر کے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی جاری رہے گی۔

ای پیپر دی نیشن