لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یا رسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاہے کہ معراج النبیؐ میں اْمت مسلمہ کے لیے عظیم نوازشات کا تحفہ موجود ہے۔ رسول اکرمؐ کا سفر معراج کئی معجزات اور کمالات کا مجموعہ ہے۔ ذات مصطفویؐ کا دیدارِ خداوندی سے مشرف ہونا تاریخ عالَم کا منفرد واقعہ ہے۔ جس اْمت کے رسولؐ معراج کی بلندیوں تک پہنچے، اس اْمت کو پستیوں کا قیدی نہیں بنایا جا سکتا۔ معراج النبی کے تذکرے سے اْمت کو بلندیوں کی طرف پرواز کا درس ملتا ہے۔جو عرش کی بلندیوں سے ساری کائنات کا مشاہدہ کر رہے تھے، ان کا دیا ہوا نظام اور ضابطہ ٔ حیات ہی سب سے جامع اور کامل ترین ہو سکتا ہے۔شب معراج کے موقع پر انہوں نے کہا کہ معراج مصطفیؐ نظام مصطفی ؐ کے کامل ہونے کی دلیل ہے۔ آپ ؐکی وسعت نگاہ نے ہر خطے اور ہر صدی کے مسائل کا حل عطا فرمایا ہے۔ معجزہ معراج کے مطالعہ سے نسل نو کے لیے انکشافات کی راہیں کھلتی ہیں۔ معراج النبیؐ کا سبق یہی ہے کہ عروج مصطفی ؐکا پرچم عرش کی چوٹی پر ہمیشہ لہراتا رہے گا۔
نبی کریم ؐ کا سفر معراج معجزات اورکمالات کا مجموعہ ہے:اشرف آصف جلالی
Mar 12, 2021