مزائل چلا ، بھارت نے غلطی مان لی : ناظم الامور کی طلبی ، پاکستان کا احتجاج 

نئی دہلی، اسلام آباد (ویب ڈیسک،خصوصی نامہ نگار) پنجاب کے ضلع خانیوال کی تحصیل میاں چنوں میں گرنے والا میزائل بھارت کا تھا جس کی تصدیق بھارتی وزارت دفاع نے کردی ہے۔ بھارتی خبررساں ادارے اے این آئی کے مطابق بھارتی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9 مارچ 2022ء کو معمول کی دیکھ بھال کے دوران ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے میزائل حادثاتی طور پر فائرہوا۔ بھارتی حکومت نے معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے اور معاملے کی جانچ کیلئے کوٹ آف انکوائری تشکیل دی گئی ہے۔ تکنیکی غلطی کے باعث میزائل چل گیا تھا پتہ چلا کہ میزائل پاکستانی حدود میں گرا ہے۔ یہ معاملہ انتہائی افسوسناک ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیںہوا۔ بھارتی ساختہ سپر سانک آبجیکٹ کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بھارتی فلائنگ آبجیکٹ سے پاکستانی فضائی حدود میں ملکی و بین الاقوامی پروازوں کو خطرہ لاحق ہوا۔ بھارتی ناظم الامور کو کہا گیا کہ وہ اپنی حکومت کو پاکستان کی شدید مذمت سے آگاہ کرے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے بھارتی بے حسی کا عکاس ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت اس طرح کی لاپرواہی کے ناخوشگوار نتائج کو ذہن میں رکھے۔

ای پیپر دی نیشن