ریاض؍ بیجنگ؍ واشنگٹن؍ تہران؍ انقرہ (این این آئی+شہنوا+ نیٹ نیوز) عالمی رہنماؤں کی جانب سے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک کے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا جب کہ انہوں نے اہم ثالث کا کردار ادا کرنے پر چین سمیت عمان اور عراق کی بھی تعریف کی۔ فرانس کی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ فرانسیسی وزیر خارجہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے ایسے ڈائیلاگ کی مکمل حمایت کرتے ہیں جو خطے میں تناؤ کو کیفیت کو ختم کرے اور خطے کی سکیورٹی سمیت استحکام میں مدد دے۔اردن کی جانب سے بھی ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔کویت کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہیکہ چین کی ثالثی سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی سے امید پیدا ہوئی ہے کہ اس سے خطے میں سکیورٹی اور استحکام مضبوط ہوگا جب کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات میں بھی مزید بہتری آئے گی۔ بحرین اور ترکی کی جانب سے بھی دونوں ممالک کے فیصلے کو سراہا گیا ہے۔ وائٹ ہائوس کی قومی سکیورٹی کونسل کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ سعوی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہونے کی خبروں سے آگاہ ہے تاہم مزید تفصیلات سعودی حکام بتائیں گے۔ عام طور پر ہم یمن میں جنگ کے خاتمے اور مشرق وسطی میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کے لیے کسی بھی طرح کی کوشش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری اس پالیسی کے کلیدی ستون ہیں جو صدر بائیڈن نے گذشتہ برس خطے کے اپنے دورے کے دوران بیان کی تھی۔ چین کے اعلی سفارت کار وانگ یی نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان اپنے ملک کی ثالثی کی کامیابی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا۔ چین تمام ممالک کی خواہشات کے مطابق ، دنیا کے کانٹے دار مسائل سے مناسب طریقے سے نمٹنے کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ یہ پیشرفت اس وقت پریشان حال دنیا کے لیے بہت "اچھی خبر" لے کر آئی ہے۔ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی مزید استحکام کا باعث بنے گی۔ ان کا ملک سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں مستقبل کا منتظر ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کی بحالی کو خطے کے لیے بڑے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ پڑوسی سکیورٹی پالیسی اہم ہے اور خطے میں مزید سفارتی اقدامات ہونا ہیں۔ سعودی قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی صدر شی جن پنگ کے اچھے ہمسایہ تعلقات کو فروغ دینے کے فراخدلانہ اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔ سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی سعودی عرب کی جانب سے اچھے اصولوں پر عمل پیرا رہنے کی مضبوط اور مسلسل روش کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی سعودی عرب کے اس ویژن کے تحت ہو رہی ہے جس کی بنیاد مذاکرات کی ترجیح دینے پر ہے۔
عالمی رہنما
سعودی عرب ایران تعلقات بحالی کا اعلان خوش آئندہ خطے میں تنائو کم ہو گا
Mar 12, 2023