لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اپنی معیشت کو ترقی دینے کیلئے پاکستان کو ٹیکس چوری کو روکنے، ٹیکس کی وصولی میں اضافے اور اپنی برآمدات کو اگلے 5 سے 8 سال میں تقریباً 30 ارب ڈالر سے 100 ارب ڈالر تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس (pide) کے زیر اہتمام پاکستان کے پہلے اکانومی فیسٹیول (econ fest) میں پاکستان کوکیا مسائل درپیش ہیں اور پاکستان کو کیسے بدلا جا سکتا ہے کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ میں ارادہ ہے تو یہ ملک آپ کے خوابوں کو پورا کرنے میں آپ کی مدد کرے گا لیکن آپ کو اس کیلئے بہت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ اس پر بات کر رہے تھے کہ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے یقین اور اپنے ملک اور لوگوں کی مدد کرنے کی خواہش کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں تصادم ہو تو کوئی پالیسی کامیاب نہیں ہوگی۔ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ بتاتی ہے کہ ہم نے مضبوط پالیسیاں بنائیں تاہم ہم پالیسی مستقل مزاجی کے لحاظ سے جنوبی کوریا، ترکی اور دیگر ممالک سے پیچھے ہیں، سب سے پہلے ہم جنوبی ایشیا کا اگلا جاپان بننے کے راستے پر تھے لیکن 1965ء کی جنگ نے ہمیں پیچھے ہٹا دیا۔