توڑ پھوڑ کیس، پی ٹی آئی کارکنوں کی شناخت پریڈ نہ ہونے پرعدالت برہم

Mar 12, 2023


اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)انسداددہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائیکورٹ آمد پر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنان کی شناخت پریڈ نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شناخت پریڈ رپورٹ کیلئے پیر تک کی مہلت دے دی۔ سماعت کے دوران گرفتار کارکنان کو عدالت میں پیش کیاگیا، دوران سماعت کارکنان کی شناخت پریڈ رپورٹ عدالت پیش نہ کی جاسکی، اس موقع پر کارکنان کی جانب سے بابر اعوان ایڈووکیٹ، عتیق صدیقی ایڈووکیٹ اور دیگر عدالت پیش ہوئے، تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایاکہ اسسٹنٹ کمشنر شناخت پریڈ کیلئے اڈیالہ جیل گئے اور ان کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑپھوڑ سے متعلق کیس میں گرفتار ملزمان کی شناخت مکمل کت لی گئی ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ  میں توڑپھوڑ سے متعلق کیس میں گرفتار ملزمان کی شناخت نہیں کی جاسکی،  عدالت نے پولیس کی جانب سے شناخت پریڈ رپورٹ جمع نہ کرائے جانے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ساڑھے تین بجے بجے تک شناخت پریڈ رپورٹ جمع نہ کروانے پر فیصلہ دیں گے اور سماعت میں وقفہ کردیا جس کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہونے پر بھی شناخت پریڈ رپورٹ عدالت جمع نہ کرائی جاسکی اور پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایاگیاکہ اسسٹنٹ کمشنر کی اہلیہ بیمار ہیں رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت دی جائے جس پر عدالت نے شناخت پریڈ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت پیر13 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔ادھر گرفتار36 کارکنان کی جانب سے درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری بھی عدالت میں جمع کرادیں گئیں جس پر عدالت نے پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دلائل طلب کرلیے اورسماعت14 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

مزیدخبریں