بیرون ملک مفرور اشتہاریوںکے پاسپورٹس منسوخ کرانے کا حکم 


لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پولیس فورس کا مورال بلند کرنے اور بہترین ویلفیئر کیلئے دستیاب وسائل میں جامع حکمت عملی تحت موثر اقدامات کئے گئے ہیں، نئی پالیسی کے تحت نہ صرف شہداء اور غازیوں کو انکی خدمات کے شایان شان عزت و تکریم و اعزازات سے نوازا جا رہا ہے۔ فورس کی پروموشن سے متعلقہ معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹا کر میرٹ کے مطابق ترقی کے اہل اہلکاروں کو ان کا حق دیا جارہا ہے۔ شہداء اور غازیوں کی گولڈ اور سلور میڈلز سے عزت افزائی کی جارہی ہے۔ پولیس فورس کی ویلفیئر، بچوں کی تعلیم، بیٹیوں کی شادی سمیت دیگر معاملات کیلئے خصوصی اقدامات جاری رہیں گے۔ اے ایس آئیز سے کہا کہ آئیں عہد کریں کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، جرائم کے قلع قمع اور معاشرے میں قیام امن برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائیگی۔اشتہاری ملزمان کیخلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لاتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے سخت سزائیں دلوائی جائیں، ایف آئی اے اور انٹر پول کیساتھ کوارڈی نیشن سے بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے پاسپورٹس منسوخ کراکر انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ منشیات کی لعنت کے جڑ سے خاتمے اور منشیات فروشوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز '' میٹ دا فورس  '' پراجیکٹ کیساتھ اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کیساتھ سنٹرل پولیس آفس میں ملاقاتیں کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے ہدایت کی کہ پولیس فورس اپنی تمام تر توجہ شہریوں کی خدمت اور تحفظ پر مرکوز رکھے، اہلکاروں کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے اقدامات میں کمی نہیں آئیگی۔ پولیس ملازمین کے بچوں کو اعلی تعلیمی اداروں میں داخلوں اور فیس میں رعایت کیلئے متعدد اداروں کیساتھ مفاہمتی یادداشت کئے گئے ہیں۔ تفتیشی افسران جدید ٹیکلنالوجی کے موثر استعمال سے مقدمات کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچائیں اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن