لاہور(خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین اور عالم اسلام میں دستور مدینہ کے موضوع پر واحد پی ایچ ڈی ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے فرانس کے شہر ’’لاکورینیو‘‘ میں منہاج القرآن کے اسلامک سنٹر میں ریاست مدینہ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اسلام ؐنے زندگی کے ہر شعبہ کیلئے رہنمااصول دئیے۔ میثاق مدینہ ایک ایسا سیاسی،انتظامی ماڈل ہے جو آج بھی متحدہ وفاقی، جمہوری اکائیوں کو باہم لیکر چلنے کے تمام دستوری تقاضے پورے کرتا ہے۔ دستور مدینہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد نظام ہے جس نے جدید سیاسی، جمہوری معاشرے کی بنیاد رکھی۔ دستورِ مدینہ انسانیت کیلئے ایک کامل دستور حیات ہے جس کی فکری بنیاد امن بقائے باہمی اور حقوق انسانی کے احترام پر قائم کی گئی۔ تاحال دنیا کا کوئی جدید دستور ریاست مدینہ میں متعین کیے گئے سیاسی، ثقافتی، اقتصادی، مذہبی اور اخلاقی اصولوں سے باہر نہیں جا سکا۔ دستور مدینہ کا یہ امتیاز ہے کہ اس دستور پر مختلف نظریات اور خیالات رکھنے والے طبقات نے اسے قبول کیا۔ میثاق مدینہ انسانی بقائ، خوشحالی کا ضامن ہے۔ تقریب میں طاہر عباس گورائیہ، محمد شفیق اعوان، مہر اعظم، راج محمد فیصل، محمد راشد، قاضی منعم، ارشد مہر، راجہ طارق حسین و دیگر نے شرکت کی۔
پیغمبر اسلام ؐنے زندگی کے ہر شعبہ کیلئے رہنمااصول دئیے:حسن محی الدین قادری
Mar 12, 2023